9

تحریک انصاف کو نالیوں اور سڑکوں کی تعمیر کیلئے نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی کیلئے ووٹ دیا گیا ہے: پرویز خٹک

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے تحریک انصاف کے عوامی نمائندوں ، عہدیداروں اور کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ خود بھی تبدیلی کی ضرورت کو سمجھیں اور عوام کو بھی اس کی اہمیت سے آگاہ کریں۔ عوام نے تحریک انصاف کو گلیوں ، نالیوں اور سڑکوں کی تعمیر کیلئے نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی اور اداروں کی بحالی کیلئے ووٹ دیا تھا ۔ترقیاتی کام اپنی جگہ ضرور اہم ہیں اور اُن پر کام بھی جاری ہے تاہم بنیادی مسئلہ عوام کو معیاری تعلیم ، صحت اور دیگر خدمات کی آسان فراہمی اور نظام کی شفافیت کا ہے جس پر ماضی میں کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ہم صوبے کو سو فیصد ٹھیک کرنے کا دعویٰ نہیں کرتے تاہم ہر شعبے میں تبدیلی کی دیر پا بنیادیں رکھ دی ہیں۔ سسٹم اپنے پاؤں پر کھڑا ہے ۔ماضی کے خیبرپختونخوا اور موجودہ خیبرپختونخوا کا موازنہ کریں فرق واضح نظر آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں صوبائی وزیر محمد عاطف خان کی سربراہی میں پی کے۔23 ،27 اور28 ضلع مردان سے تحریک انصاف کے نمائندوں اور کارکنان پر مشتمل نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام نے تبدیلی کا شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ تبدیلی کے عمل میں عوام کا تعاون کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ہمیں معلوم ہونا چاہیئے کہ قومیں گلیوں، نالیوں کی تعمیر سے نہیں بلکہ نظام سے بنتی ہیں۔ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے انتخابی مہم میں دیئے گئے اپنے منشور پر عمل درآمد کیا اور عوام کو تعلیم ، صحت ، پولیس ، پٹوار اور دیگر محکموں میں خدمات کی فراہمی کا قابل عمل سسٹم دیا جو بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اب صو بہ استحکام کی طر ف بڑھ رہا ہے ، خوشحالی کے دریچے کھل چکے ہیں اور صنعتوں کی بحالی شروع ہو چکی ہے۔ہم نے اطلاعات تک رسائی ، خدمات تک رسائی اور وسل بلوئر جیسے قوانین بنا کر نظام کی شفافیت کو دیر پا بنا دیا ہے۔پولیس کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہاکہ جب وہ حکومت میں آئے تو پولیس سیاستدانوں کی غلامی پر مجبور تھی اُس کی عزت نفس ختم کرکے بد نام ترین محکمہ بنا دیا گیا تھا۔صوبائی حکومت نے پولیس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا اور ایک بااختیار فورس بنا لیا۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں ترقیاتی کاموں میں بھی بے پنا ہ کرپشن کی گئی ۔ صوبے بھر کی سڑکیں تباہ حال اور عمارتیں دو نمبر بنائی گئیں۔ پورے صوبے کے انفراسٹرکچر اور سڑکوں کو ٹھیک کرنے کی ضرورت تھی ۔صوبائی حکومت نے دستیاب وسائل کے مطابق ترقیاتی سکیموں کا نہ صرف اجراء کیا بلکہ ان کا معیار بھی یقینی بنایا ۔ہمارے تعمیراتی منصوبوں کا ماضی سے موازنہ کریں تو زمین آسمان کا فرق نظر آئے گا۔ ہمارے سسٹم میں غلط کاری کی گنجائش موجود نہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر تخت بائی 1122 سروس کو ملحقہ علاقے تک توسیع دینے کی منظوری دی جبکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں عوامی فلاح کی سکیموں پر عمل درآمد کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ اُنہوں نے سرکاری وسائل سے تعمیر ہونے والے حجروں تک عوام کی رسائی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر ز کے نوٹس میں لانے کی ہدایت کی اور کہاکہ سرکاری وسائل سے تعمیر ہونے والے سکیموں پر فرد واحد کی اجارہ داری نہیں ہونی چاہیئے اُن کا مفاد عامہ میں استعمال یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام سے صوبے میں تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوار ٹر ہسپتالوں کو آلات کی فراہمی پر بھی پیش رفت طلب کی جس پر بتایا گیا کہ ہسپتالوں کو مطلوبہ آلات اور سامان کی سپلائی کا عمل جاری ہے جو عنقریب مکمل کرلیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں